دہلی یونیورسٹی کے تحت کھلنے والے نئے کالجوں کے نام کو لے کر کافی دنوں سے غور و خوض چل رہا تھا۔ یونیورسٹی وائس چانسلر نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ کالجوں کے نام ونایک دامودر ساورکر اور آنجہانی بی جے پی لیڈر سشما سوراج کے نام پر رکھے جائیں گے۔ ’آج تک‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق دہلی یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے بتایا کہ یہ فیصلہ ایگزیکٹیو کونسل کی میٹنگ میں لیا گیا ہے۔

شائع رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی اکیڈمک کونسل نے اگست میں ہوئی اپنی میٹنگ میں ساورکر اور سشما سوراج کے نام پر آئندہ کالجوں اور سہولت مراکز کا نام رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کونسل نے اٹل بہاری واجپئی، ساوتری بائی پھولے، ارون جیٹلی، چودھری برھم پرکاش اور سی ڈی دیشمکھ کے ناموں کا بھی مشورہ دیا تھا۔ ساتھ ہی کونسل نے ناموں پر حتمی فیصلہ لینے کا اختیار وائس چانسلر کو دیا۔

اس درمیان کونسل نے تین اراکین سیما داس، راج پال سنگھ پوار اور ایڈووکیٹ اشوک اگروال کے عدم اتفاق کے باوجود اسسٹنٹ پروفیسرس کی تقرری میں مجوزہ تبدیلیوں کو پاس کر دیا۔ اراکین نے اسسٹنٹ پروفیسرس کے سلیکشن کے لیے پی ایچ ڈی کو اہمیت دیے جانے پر عدم اطمینان ظاہر کیا۔ ایسا اس لیے کیونکہ پی ایچ ڈی نہ کرنے والے کئی ایڈہاک اور کانٹریکچوئل اساتذہ کو نقصان ہوگا۔ تینوں کونسل اراکین نے وزارت تعلیم کے 5 دسمبر 2019 کے لیٹر کو نافذ کرنے اور ایڈہاک اساتذہ کو جذب کرنے کے لیے ایک ریگولیٹری قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔