ممبئی پولس آرین خان معاملے میں اب ’تاوان‘ کا اینگل دیکھ رہی ہے۔ اس سلسلے میں اس نے اپنی جانچ شروع بھی کر دی ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگالے جا رہے ہیں۔ این سی بی گواہ پربھاکر سیل کے بیان کی بنیاد پر جانچ کیے جانے پر پولس کو شاہ رخ کی منیجر پوجا ڈڈلانی کی نیلے رنگ کی مرسیڈیز سیڈان کار دکھائی دی ہے۔ پربھاکر کے بیان کے مطابق این سی بی کے گواہ کرن گوساوی نے پوجا ڈڈلانی سے پیسے کے بدلے آرین کو گرفتاری سے بچانے کی بات کہی تھی۔
’انڈیا ٹوڈے‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق ممبئی پولس کی اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ کے. پی. گوساوی کے خلاف معاملہ درج کر سکتی ہے۔ فوٹیج میں پولس کو گوساوی کی ایس یو وی بھی نظر آئی ہے جس پر پولس لکھا ہوا ہے۔ اس معاملے پر پوجا ڈڈلانی کا بیان بھی لیا جا سکتا ہے۔
غور طلب ہے کہ پربھاکر سیل نے دعویٰ کیا تھا کہ سیم ڈیسوزا کے ساتھ پوجا ڈڈلانی اور کے. پی. گوساوی کی ملاقات 3 اکتوبر کو صبح میں ہوئی تھی۔ سیم نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ پوجا نے گوساوی کو 50 لاکھ روپے دیے تھے مگر بعد میں وہ پیسے لوٹا دیے گئے۔ پولس نے اس سلسلے میں 10 سے 15 فوٹیج کی جانچ کی۔ واضح رہے کہ پربھاکر نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ گوساوی نے مبینہ طور پر آرین کو گرفتاری سے بچانے کے لیے پوجا ڈڈلانی سے 25 کروڑ روپے تاوان مانگا تھا۔