عورت کو صنف نازک کہتے ہیں، لیکن اس کے حوصلے، عزائم اور ہمت کی مثالیں دنیا میں بھری پڑی ہیں۔ بالی ووڈ کی ایک فلم ’استری‘ کا ڈائیلاگ ہے ’وہ استری (عورت) ہے، کچھ بھی کر سکتی ہے‘۔ اس ڈائیلاگ کو نیوزی لینڈ کی خاتون رکن پارلیمنٹ ’جولی اینے جینٹر‘ نے اس انداز میں سچ کر دکھایا ہے کہ سبھی حیران ہیں۔ وہ حاملہ تھیں، رات 2 بجے انھیں دردِ زہ ہوتا ہے۔ ایسی حالت میں خود سائیکل پر سوار ہو کر اسپتال پہنچتی ہیں۔ پھر ایک گھنٹے بعد ہی صحت مند بچے کی ولادت کی خوشخبری ملتی ہے۔

اس حیرت انگیز واقعہ کی تفصیل خود جولی نے سوشل میڈیا پر بتائی ہے۔ انھوں نے فیس بک پوسٹ میں لکھا ہے ’’بڑی خبر! آج صبح 3.04 بجے ہماری فیملی میں ایک نئے رکن کا استقبال ہوا۔ میں نے اپنا لیبر پین (دردِ زہ) سائیکل پر تو کبھی نہیں سوچا تھا، لیکن ایسا ہوا۔ ہم جب اسپتال کے لیے نکلے تو اتنی دقت نہیں تھی۔ لیکن اسپتال کی 3-2 منٹ کی دوری کو طے کرنے میں ہمیں 10 منٹ لگ گئے۔ اور اب ہمارے پاس ایک پیارا صحت مند بچہ ہے جو اپنے والد کی گود میں سو رہا ہے۔‘‘

اب رکن پارلیمنٹ جولی کے پوسٹ پر لوگوں کے تبصروں کی بارش ہو رہی ہے۔ کوئی ’’ماں تجھے سلام‘‘ لکھ رہا ہے، تو کوئی لکھتا ہے ’’ناقابل یقین‘‘۔ ایک خاتون نے تبصرہ کیا ہے ’’میں تو دوران حمل کار کی سیٹ بیلٹ بھی نہیں لگا پاتی تھی۔ آپ تو کمال ہیں۔‘‘