کرکٹ میں حیرت انگیز واقعات کا پیش آنا کوئی نہیں بات نہیں۔ نیوزی لینڈ کے سلامی بلے باز وِل ینگ نے ایسا کمال کر دکھایا ہے جسے سن کر سبھی کو حیرانی ہوگی۔ دراصل ینگ نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں 1 گیند پر 7 رن بنا دیے۔ حالانکہ اس میں انہوں نے نہ کوئی باؤنڈری ہٹ کی اور نہ ہی گیند ’نو بال‘ تھی۔
وِل ینگ کے ذریعہ 1 گیند میں 7 رن بنانے کا نظارہ پاری کے 26ویں اوور میں دیکھنے کو ملا۔ اس وقت عبادت حسین گیند بازی کر رہے تھے اور ینگ 26 رن بنا کر اسٹرائک پر تھے۔ عبادت کے اوور کی آخری گیند وِل ینگ کے بلے کا کنارہ لیتی ہوئی سلپ میں گئی جہاں ان کا کیچ چھوٹ گیا اور گیند باؤنڈری تک پہنچ گئی۔ اس دوران وِل ینگ نے دوڑ کر 3 رن لے لیے۔ نورالحسن نے باؤنڈری سے زوردار تھرو پھینکا جسے بنگلہ دیشی کھلاڑی پکڑ نہیں پائے اور گیند ایک بار پھر باؤنڈری کی طرف جانے لگی۔ گیندباز عبادت نے خود گیند پکڑنے کے لیے باؤنڈری تک دوڑ لگائی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئے اور گیند باؤنڈری پار کر گئی۔ اس طرح 4 رن مزید مل گئے۔ یعنی ایک گیند پر وِل ینگ اور نیوزی لینڈ کے کھاتے میں 7 رن جڑ گئے۔
غور طلب ہے کہ نیوزی لینڈ پہلا ٹیسٹ ہار چکی ہے لیکن وہ کرائسٹ چرچ میں فتح حاصل کر کے اپنا آخری ٹیسٹ کھیل رہے کرکٹ کھلاڑی راس ٹیلر کو بہترین الوداعیہ دینا چاہے گی۔