آج جہاں وارانسی ضلع کورٹ میں گیان واپی مسجد سروے معاملے پر کچھ اہم احکامات جاری کیے گئے، وہیں قطب مینار سے متعلق معاملے کی سماعت بھی دہلی واقع ساکیت کورٹ میں مکمل ہو گئی۔ گیان واپی مسجد سے متعلق آئندہ سماعت کے لیے 26 مئی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ دوسری طرف قطب مینار معاملے پر آئندہ 9 جون کو فیصلہ سنایا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گیان واپی مسجد-شرنگار گوری تنازعہ پر 24 مئی کو ضلع جج اجئے کمار وشویش نے دونوں فریقین کی دلیلیں غور سے سننے کے بعد سماعت کے لیے آئندہ 26 مئی کی تاریخ مقرر کی۔ ساتھ ہی عدالت نے دونوں فریقین کو سروے رپورٹ پر اپنا اعتراض درج کرنے کے لیے ایک ہفتہ کا وقت دیا ہے۔ اس درمیان ہندو فریق کے وکیل وشنو جین نے بتایا کہ مسلم فریق نے آرڈر 7، رول 11 سے متعلق جو عرضی داخل کی ہوئی ہے، اس پر 26 مئی کو سماعت ہوگی۔ گویا کہ پہلے یہ طے ہوگا کہ ہندو فریق کی عرضی منظور ہوگی یا نہیں۔

جہاں تک قطب مینار احاطہ میں رکھی ہندو دیوی-دیوتاؤں کی مورتیوں کی پوجا کا حق مانگنے والی عرضی کا سوال ہے، اس پر ساکیت کورٹ نے اپنا حکم محفوظ رکھ لیا ہے۔ عدالت 9 جون کو اپنا فیصلہ سنائے گی اور تبھی یہ صاف ہو پائے گا کہ اس معاملے کی سماعت ایک بار پھر سول جج کے سامنے ہوگی یا نہیں۔ دراصل اس سے قبل سول جج پوجا کا حق مانگنے والی عرضی کو شروعاتی طور پر خارج کر چکے ہیں۔