پی ایف آئی یعنی پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے پھلواری شریف ماڈیول معاملے میں این آئی اے کے ذریعہ سخت قدم اٹھائے جانے کی خبر سامنے آئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 40 مسلم نوجوانوں کو نوٹس بھیجا گیا ہے، اور اب ایک ایک کر ان سے این آئی اے دفتر میں پوچھ تاچھ ہوگی۔ ’ٹی وی 9 بھارت وَرش‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق پوچھ تاچھ کا عمل شروع ہو چکا ہے اور غیاث الدین و سونو نامی نوجوان سے 12 نومبر کو کچھ اہم سوالات کیے گئے۔
دراصل الزام ہے کہ پھلواری شریف کے ایک مکان کو کرایہ پر لے کر ’ٹیرر کیمپ‘ کی طرح استعمال کیا جا رہا تھا۔ جن 40 نوجوانوں کو این آئی اے نے نوٹس بھیجا ہے، وہ سبھی مبینہ طور پر یہاں سے جڑے ہوئے تھے۔ اگست 2022 میں اس مکان کو سیل کرنے کے بعد کچھ قابل اعتراض دستاویزات برآمد کیے گئے تھے۔ اس دوران یہاں میٹنگ میں اور ٹیرر کیمپ میں شامل ہونے والے لوگوں کے نام اور پتے رجسٹر میں درج ملے تھے۔ اسی کی بنیاد پر پوچھ تاچھ کے لیے پھلواری شریف اور آس پاس کے 40 نوجوانوں کو این آئی اے نے نوٹس بھیجا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس پورے معاملے میں پولس نے پہلے 26 لوگوں کے خلاف پٹنہ کے پھلواری شریف تھانہ میں ایف آئی آر درج کیا، اور پھر ان میں سے 5 لوگوں کی گرفتاری عمل میں آئی۔ گرفتار شدگان میں موتیہاری واقع ایک مدرسہ کے مولوی بھی شامل ہیں۔ 21 افراد اب بھی پولس کی گرفت میں نہیں آ سکے ہیں۔