تلنگانہ سے تعلق رکھنے والی ہندوستانی مکے باز نکہت زریں نے آخر خاتون عالمی مکے بازی چمپئن شپ فائنل میں جیت کا پرچم لہرا کر ایک نیا ریکارڈ قائم کر ہی دیا۔ 52 کلوگرام زمرہ میں 4 مئی کو انھوں نے تھائی لینڈ کی جتپونگ جٹامینس کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر سبھی کو حیران کر دیا۔ نکہت نے یہ فائنل میچ 0-5 سے اپنے نام کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل میچ میں بھی نکہت نے 0-5 سے ہی فتح حاصل کی تھی۔ نکہت کی اس تاریخی فتح کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیر اعظم نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’ہمارے مکے بازوں نے ہمیں فخر کا موقع فراہم کیا ہے۔ نکہت زریں کو خاتون عالمی مکے بازی چمپئن شپ میں شاندار طلائی تمغہ جیتنے کے لیے مبارکباد۔ میں منیشا مون اور پروین ہڈا کو بھی اسی مقابلے میں کانسے کا تمغہ حاصل کرنے کے لیے مبارکباد دیتا ہوں۔‘‘ دوسری طرف مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’خاتون عالمی مکے بازی چمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیتنے پر نکہت زریں کو مبارکباد۔ ہندوستان کو آپ کی حصولیابیوں پر فخر ہے۔ مستقبل میں آپ کی کوششوں کے لیے نیک خواہشات۔‘‘
غور طلب ہے کہ نکہت سے پہلے ایم سی میری کام نے 2002، 2005، 2006، 2008، 2010 اور 2018 میں خطاب جیتے تھے۔ علاوہ ازیں 2006 میں سریتا دیوی، جینی آر ایل اور لیکھا کے سی نے اپنے اپنے زمرہ میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔