تلنگانہ کی نکہت زریں نے ایک بار پھر ملک کا نام روشن کرتے ہوئے طلائی تمغہ پر زوردار پنچ مارا ہے۔ انھوں نے کامن ویلتھ گیمز 2022 میں ویمنس لائٹ فلائی کیٹگری کے فائنل میں شمالی آئرلینڈ کی کارلے میکناؤل کو 0-5 سے شکست فاش دی۔ ہندوستان کا کامن ویلتھ گیمز 2022 میں یہ 48واں تمغہ ہے جبکہ 17واں طلائی تمغہ۔ اگر باکسنگ کی بات کی جائے تو یہ تیسرا طلائی تمغہ رہا اور نکہت نے پہلی مرتبہ کامن ویلتھ گیمز میں یہ تمغہ حاصل کیا ہے۔

جہاں تک فائنل میچ میں نکہت زریں کی کارکردگی کا سوال ہے، وہ کسی بھی وقت کمزور نظر نہیں آئیں۔ پہلے ہی راؤنڈ سے انھوں نے زوردار شروعات کی اور آخری راؤنڈ تک اپنی سبقت کو برقرار رکھا۔ فائنل مقابلہ 0-5 سے جیت کر نکہت نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ سیمی فائنل میں بھی انھوں نے 0-5 سے ہی فتح حاصل کی تھی، اور تبھی سے طلائی تمغہ کی امید روشن ہو گئی تھی۔

غور طلب ہے کہ ہندوستانی مکے باز نکہت زریں کو شہرت اس وقت حاصل ہوئی جب انھوں نے خاتون عالمی مکے بازی چمپئن شپ فائنل میں جیت کا پرچم لہرایا تھا۔ مئی 2022 کو انھوں نے تھائی لینڈ کی جتپونگ جٹامینس کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر سبھی کو حیران کر دیا تھا۔ نکہت نے یہ فائنل میچ بھی 0-5 سے اپنے نام کیا تھا۔ اس کامیابی کے بعد نکہت زریں کو وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سوشل میڈیا کے ذریعہ مبارکباد پیش کی تھی۔