بھوجپوری فلموں کے سپر اسٹار دنیش لال ’نرہوا‘ نے اپنی آنے والی فلم ’گوبردھن‘ کی شوٹنگ کے دوران لوگوں کو مورتی بنانے کا اپنا ہنر دکھا کر حیران کر دیا۔ انہوں نے فلم کے سیٹ پر گائے کے گوبر سے گنیش کی مورتی بنائی اور تحفتاً اسے فلم کے پروڈیوسر جینت گھوش کو پیش کیا۔ اس دوران نرہوا نے آبی آلودگی کو روکنے کے لیے ایک پیغام بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر گائے کے گوبر سے دیوی-دیوتاؤں کا مجسمہ بنا کر ان کی پوجا کی جائے اور پانی میں بہایا جائے تو پانی آلودہ نہیں ہوگا۔
واضح ہو کہ اترپردیش کے پرتاپ گڑھ ضلع کے بانسی گاؤں اور آس پاس کے علاقوں میں ان دنوں بھوجپوری فلم ’گوبردھن‘کی شوٹنگ چل رہی ہے۔ اس فلم میں نرہوا ایک بھولے بھالے بے روزگار نوجوان کا کردار ادا کرتے ہوئے نظر آنے والے ہیں۔ ان کا ساتھ دیں گی جنوبی ہند کی اداکارہ میگھاشری۔ ہدایت کاری کی ذمہ داری منجل ٹھاکر سنبھال رہے ہیں۔
فلم ’گوبردھن‘کو لے کر لوگوں میں ابھی سے کافی جوش ہے کیونکہ اس میں انہیں کچھ الگ دیکھنے کا موقع ملنے والا ہے۔ فلم کی شوٹنگ شروع ہوئے تقریباً ایک مہینہ ہو گیا ہے۔ نرہوا نے فلم کی شوٹنگ کے دوران کی کچھ تصویریں اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے جسے لوگ پسند کر رہے ہیں۔ ایک ویڈیو میں دنیش لال گائے کے ساتھ محبت بھرے انداز میں گاتے ہوئے بھی نظر آئے ہیں۔ لوگ اب بے صبری سے اس فلم کے منتظر ہیں۔