انڈین ریلویز میں سفر کرنے والے کروڑوں بزرگ مسافروں کو کرایہ میں چھوٹ ملتی تھی، لیکن کورونا وبا کے دوران اس چھوٹ کو ختم کر دیا گیا۔ اب دھیرے دھیرے کورونا وبا سے متعلق پابندیاں ختم ہو رہی ہیں، تو امید کی جا رہی تھی کہ ایک بار پھر بزرگ مسافروں کو کرایہ پر چھوٹ ملنے لگے گی۔ لیکن مرکزی حکومت بزرگ مسافروں پر رحم دلی کا مظاہرہ کرنے کے موڈ میں نہیں۔ حکومت نے بزرگ ریل مسافروں کو ہنوز کرایہ میں کوئی چھوٹ نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ بدھ کے روز مرکزی وزیر ریل اشونی ویشنو نے لوک سبھا میں کہا کہ ریلوے کے ذریعہ سینئر شہریوں کو کرایہ میں دی جانے والی چھوٹ پر فی الحال پابندی لگی رہے گی۔
غور طلب ہے کہ کورونا وبا سے قبل انڈین ریلویز کے ذریعہ 58 سال سے زیادہ عمر کی خاتون اور 60 سال سے زیادہ عمر کے مرد مسافروں کو ٹکٹ میں چھوٹ دی جاتی تھی۔ خاتون مسافروں کے لیے یہ چھوٹ 50 فیصد اور مرد مسافروں کے لیے 40 فیصد تھی۔ کورونا وبا پھیلنے کے بعد یہ چھوٹ ملنی بند ہو گئی اور اب یہ چھوٹ دوبارہ کب ملے گی اس کے بارے میں اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔
مرکزی وزیر ریل اشونی ویشنو کا کہنا ہے کہ پیسنجرس کو کرایہ پر دی جانے والی چھوٹ سے انڈین ریلویز پر بہت بوجھ پڑتا ہے۔ اس لیے ریلوے نے فیصلہ کیا ہے کہ فی الحال بزرگوں کو ریل کرایہ پر ملنے والی چھوٹ پر پابندی جاری رہے گی۔