گزشتہ دو سال سے کورونا وبا نے پوری دنیا میں تباہی کا منظر پیدا کر رکھا ہے۔ لیکن اب اور نہیں۔ عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈروس گیبریسس نے خوشخبری سنائی ہے کہ 2022 کورونا وائرس کے خاتمہ کا سال ہو سکتا ہے۔ بس اس کے لیے ہمیں کچھ باتوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ سب سے ضروری ہے عدم مساوات کا خاتمہ، کیونکہ اسی وجہ سے کورونا کو شکل بدلنے کا موقع مل رہا ہے۔
ٹیڈروس کے مطابق افریقہ میں محکمہ صحت کے عملے کی اب بھی ہر چار میں سے تین کی ہی مکمل ٹیکہ کاری ہوئی ہے۔ دوسری طرف یوروپ میں لوگوں کو ٹیکے کی تیسری خوراک مل رہی ہے۔ یہی عدم مساوات ہے جس سے نئے ویریئنٹ کو پھیلنے کا موقع ملتا ہے۔ اگر ہم نئے سال میں اس عدم مساوات کو ختم کر پائیں تو موجودہ ڈراؤنے خواب کا بھی خاتمہ ہو سکتا ہے۔
عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ نے نئے سال کی آمد کے موقع پر عہد کیا کہ ہم حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ عالمی اقدامات کے تحت ویکسین کی ترجیحی بنیادوں پر فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ اگر حکومتیں اس حوالے سے مضبوط قوت ارادی کا مظاہرہ کریں تو ہم 50 لاکھ سے زائد جانیں لینے والی اس وبا کو ختم کر سکتے ہیں۔ ہمارا ارادہ ہے کہ 2022 کے وسط تک دنیا کی 70 فیصد آبادی کو ویکسین لگا دیں۔ تمام حکومتوں سے درخواست ہے کہ وہ اپنے صحت کے شعبے میں بھرپور سرمایہ کاری کریں۔