مغربی بنگال کی راجدھانی کولکاتا میں کئی مہینوں کی محنت کے بعد ’برج خلیفہ‘ تیار ہو گیا ہے۔ یعنی اگر آپ برج خلیفہ دیکھنا چاہتے ہیں تو دبئی جانے کی ضرورت نہیں، بس کولکاتا پہنچ جائیے۔ اس کو دیکھنے کے لیے لوگوں کی خوب بھیڑ جمع ہونے لگی ہے۔ لیکن یہ برج خلیفہ ہمیشہ رہنے والا نہیں، اس لیے جتنی جلد ہو سکے کولکاتا کا سفر کیجیے۔

دراصل درگا پوجا کے پیش نظر کولکاتا کے لیک ٹاؤن شری بھومی اسپورٹنگ میں برج خلیفہ تیار کیا گیا ہے۔ اس میں ماں درگا کو بٹھایا جائے گا۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس عظیم الشان منڈپ کو تیار کرنے میں تقریباً دو مہینے لگے ہیں اور کم و بیش 250 مزدوروں کی محنت کا نتیجہ ہے۔ ریاستی وزیر سجیت بوس کی رہنمائی میں تیار اس برج خلیفہ کی شہرت تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ کولکاتا میں تیار اس برج خلیفہ کی اونچائی 150 فیٹ ہے۔ اس پنڈال میں ماں درگا کی جو مورتی رکھی جائے گی وہ 40 کلو گرام کے زیورات پہنے ہوگی۔ ریاستی وزیر سجیت بسو کا کہنا ہے کہ بوقت شب منڈپ میں 300 الگ الگ طرح کی روشنیاں بکھری نظر آتی ہیں جو اصل برج خلیفہ کا احساس دلاتی ہے۔ انھوں نے فخریہ انداز میں یہ بھی کہا کہ بھلے ہی دنیا کی سب سے اونچی عمارت کو دبئی میں بنانے میں 6 سال لگے، لیکن کولکاتا میں اس کا عکس 250 مزدوروں نے مل کر صرف 2 مہینے میں ہی تیار کر دیا۔