سوموار یعنی 15 اگست کو ہندوستان نے اپنی آزادی کے 75 سال مکمل کر لیے۔ اس خوشی میں تقریبات منقعد کیے جانے کا سلسلہ 15 اگست کے بعد بھی جاری ہے۔ ہندوستانی ریاستیں اس جشن کو یادگار بنانے کے لیے دلچسپ طریقے اختیار کر رہی ہیں۔ کچھ ایسا ہی آج (16 اگست) صبح 11.30 بجے تلنگانہ میں دیکھنے کو ملا جب تقریباً ایک منٹ کے لیے معمولاتِ زندگی پوری طرح ٹھہر گئی۔ دراصل حکومت نے اعلان کیا تھا کہ سبھی سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر قومی ترانہ ’جن گن من‘ ایک ساتھ گایا جائے گا۔ اس میں عوام و خواص نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلیٰ چندرشیکھر راؤ، کابینہ کے سبھی ساتھی، اے آئی ایم آئی ایم سربراہ اسدالدین اویسی اور دیگر لیڈران سمیت ہزاروں کی تعداد میں لوگ اس تقریب میں شریک ہوئے۔ ’جن گن من‘ ختم ہونے کے بعد ’بولو آزاد بھارت کی جئے‘ کا نعرہ بھی گونجا۔ وزیر اعلیٰ نے خود مٹھی باندھ کر ہوا میں ہاتھ اٹھاتے ہوئے یہ نعرہ لگایا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ شام تک دستیاب جانکاری کے مطابق اجتماعی گلوکاری 11000 سے زیادہ مقامات پر ہوئی، جس میں 28 لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ 17 اگست کو مہاراشٹر میں بھی ’جن گن من‘ اجتماعی طور پر گانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ مہاراشٹر حکومت نے اعلان کیا ہے کہ بدھ کو صبح 11.00 بجے قومی ترانہ اجتماعی طور پر گایا جائے گا۔ حکومت نے سبھی سے اس میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔