شمالی دہلی میں غیر قانونی گوشت کی دکانوں پر گزشتہ دو دنوں سے میونسپل کارپوریشن کی کارروائی چل رہی ہے۔ این ڈی ایم سی (شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن) کی طرف سے 4 مئی کو شروع ہوئی اس مہم میں پہلے دن 14 گوشت کی دکانوں کو سیل کیا گیا، جبکہ دوسرے دن یعنی 5 مئی کو مزید 8 غیر قانونی گوشت کی دکانوں پر تالا لٹکا دیا گیا۔ گویا کہ دو دنوں میں مجموعی طور پر گوشت کی 22 غیر قانونی دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ این ڈی ایم سی کمشنر سنجے گویل کا کہنا ہے کہ یہ مہم عوام کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے چلائی گئی ہے جو آئندہ کچھ دنوں تک جاری رہنے والی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق این ڈی ایم سی کے محکمہ صحت کے ذریعہ مقامی پولس کی مدد سے غیر قانونی طور پر کھلی گوشت کی دکانوں اور کھلی جگہوں پر چکن وغیرہ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ میونسپل کارپوریشن نے 5 مئی کو روہنی علاقہ کے سورج پارک میں 5 اور نریلا علاقہ واقع وجئے نگر میں 3 گوشت کی دکانوں کو سیل کیا۔
اس سے قبل 4 مئی کو میونسپل کارپوریشن نے 6 علاقوں (شہری صدر پہاڑ گنج علاقہ، قرول باغ علاقہ، روہنی علاقہ، کیشو پورم علاقہ، سول لائن علاقہ اور نریلا علاقہ) میں گوشت کی 14 غیر قانونی دکانوں کو سیل کیا تھا۔ علاوہ ازیں سنجے گویل نے بتایا کہ براڑی علاقہ میں 12 سے 15 سال قدیم تجاوزات ہٹانے کے ساتھ 16 پنجرے اور 149 مرغے ضبط کیے گئے۔