عالمی نمبر-1 ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووِک ان بڑی شخصیتوں میں شامل ہیں جو کورونا ویکسین کے زبردست مخالف ہیں۔ ٹینس کورٹ پر مخالفین کو شکست دینے والے جوکووِک اب بغیر ویکسین کورونا کو شکست دینے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس تعلق سے سربیائی کھلاڑی جوکووِک نے ڈنمارک کی ایک بایوٹیک فرم میں 80 فیصد کی حصہ داری خریدی ہے۔ یہ فرم ویکسین کے بغیر کورونا کا علاج دریافت کرنے پر کام کر رہا ہے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرس نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ کوانٹ بایوریس میں نوواک جوکووِک 80 فیصدی کے حصہ دار ہیں۔ رپورٹ میں کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو افسر ایوان لونکاروِچ کے مطابق جوکووِک نے جون 2020 میں ہی اس کمپنی میں سرمایہ کاری کی تھی۔ حالانکہ جوکووِک کے ترجمان نے اس خبر پر کسی طرح کا ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ لونکاروِچ نے بتایا کہ ڈنمارک، آسٹریلیا اور سلووانیا میں فرم کے 11 ریسرچ بغیر ویکسین کے ہی کووڈ کا علاج تلاش کرنے کی تحقیق میں لگے ہیں۔ اس سال برطانیہ میں اس کا کلینکل ٹرائل شروع کرنے کی امید ہے۔

غور طلب ہے کہ کورونا ویکسین کے خلاف اپنے سخت رویہ کے سبب نوواک جوکووِک ان دنوں پوری دنیا میں سرخیوں میں ہیں۔ انہیں اسی وجہ سے آسٹریلیائی اوپن کھیلے بغیر ہی ملبورن سے واپس ہونا پڑا تھا۔ دراصل آسٹریلیا میں داخلے کے لیے کورونا ویکسین لگوانا لازمی ہے۔ آسٹریلیا میں نہیں کھیلنے کی وجہ سے جوکووِک کو 10واں آسٹریلیائی اوپن اور ریکارڈ 21واں گرینڈ سلیم جیتنے کے لیے انتظار کرنا ہوگا۔