اتر پردیش میں ’مدرسہ ماڈرنائزیشن‘ منصوبہ کے تحت کئی اہم فیصلے لیے جا رہے ہیں۔ تازہ فیصلہ یوپی حکومت نے مدارس کے اساتذہ سے متعلق لیا ہے اور یہ بہت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ اب ٹی ای ٹی (ٹیچر اہلیتی ٹیسٹ) پاس کرنے والے ہی مدارس میں بطور استاذ تقرری پائیں گے۔ تقرری سے متعلق قوانین میں جلد ہی ترمیم کیے جانے کی بات کہی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت مدارس میں دینی تعلیم کم کر ہندی، انگریزی، سائنس، ریاضی، سماجی سائنس جیسے موضوعات پر زیادہ توجہ دے گی۔
کہا جا رہا ہے کہ فی الحال مدارس میں دینی تعلیم پر 80 فیصد اور جدید تعلیم پر 20 فیصد توجہ دی جاتی تھی۔ اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ مدارس میں 20 فیصد دینی تعلیم اور 80 فیصد جدید تعلیم کا انتظام ہوگا۔ درجہ 6 سے 8 تک میں 2 اور درجہ 9 و 10 کے مدارس میں 3 اساتذہ جدید تعلیم کے لیے رکھے جائیں گے۔ اساتذہ کے طور پر انہی کی تقرری ہوگی جو ٹی ای ٹی پاس ہوں گے۔ یعنی ریاستی ٹی ای ٹی پاس امیدوار ہی مدارس میں استاذ بننے کے لیے اہل ہوں گے۔
غور طلب ہے کہ مدرسہ ایجوکیشن میں اصلاح کے لیے گزشتہ ہفتہ یوپی حکومت نے ’یوپی مدرسہ ای-لرننگ موبائل ایپ‘ بھی لانچ کی ہے۔ اس کی مدد سے بچے روایتی طریقہ کے علاوہ موبائل کی مدد سے بھی پڑھائی کر سکیں گے۔ اس کا مقصد بچوں کو ڈیجیٹل ایجوکیشن سے جوڑنا اور ضروری سہولیات مہیا کرانا ہے۔