مغربی بنگال میں بی جے پی کو شکست دینے کے بعد ممتا بنرجی نے گوا اسمبلی انتخاب پر دھیان دینا شروع کر دیا ہے۔ ایک طرف ممتا بنرجی آئندہ 30 ستمبر کو بھوانی پور اسمبلی سیٹ پر ہونے والے ضمنی انتخاب کی تشہیر میں سرگرم ہیں تاکہ وہ فتح حاصل کر بنگال اسمبلی کی رکنیت حاصل کر لیں، اور دوسری طرف گوا اسمبلی انتخاب کی تیاری بھی کر رہی ہیں۔ انھوں نے پالیٹکل پالیسی میکر پرشانت کشور کے ساتھ مل کر ایک خاص منصوبہ بنایا ہے تاکہ بی جے پی کو اقتدار سے دور کیا جا سکے۔

ابھی تک ترنمول کانگریس نے ’گوا اسمبلی انتخاب 2022‘ لڑنے کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے، لیکن بھوانی پور کے ایک جلسہ میں ممتا نے ’آبار گوائے کھیلا ہوبے‘ (اب گوا میں کھیلا ہوبے) کی بات کہی تھی۔ اس سے صاف ہے کہ انھوں نے گوا میں الیکشن لڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ممتا نے گوا کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی ہے جس میں ابھشیک بنرجی اور پرشانت کشور کو اہم ذمہ داری دی گئی ہے۔

خبر یہ بھی ہے کہ پرشانت کی ’انڈین پالیٹکل ایکشن کمیٹی‘ کے 200 لوگوں کی ٹیم گوا کے میدان میں اترے گی جو ٹی ایم سی کے لیے انتخابی تشہیر کا ذمہ سنبھالے گی۔ اس ٹیم کے تعلق سے بتایا جا رہا ہے کہ سروے، سوشل میڈیا تشہیر، نئے امیدواروں کی تلاش سے لے کر یہ پارٹی کے لیے ذات اور طبقہ پر مبنی فارمولے بھی تیار کر رہی ہے۔