جیسے جیسے فلم ’83‘ کی ریلیز قریب آتی جا رہی ہے لوگوں کی اکسائٹمنٹ بڑھتی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی 1983 عالمی کپ فتح سے جڑے کئی دلچسپ واقعات بھی سننے کو مل رہے ہیں۔ کئی سابق کھلاڑیوں کے ذریعہ عالمی کپ کے سلسلے میں انکشافات کے بعد اس مرتبہ باری کرکٹر اور سیاستداں کیرتی جھا آزاد کی تھی۔
پروڈیوسرس نے شائقین کے درمیان تجسس کو بڑھاتے ہوئے کیرتی آزاد کی ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں 1983 کے تاریخی میچ میں کیرتی کے ذریعہ ڈالی گئی جادوئی گیند سے جڑا واقعہ پیش کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں کیرتی آزاد اس سلسلے میں بتاتے ہیں کہ جس گیند پر انہوں نے ایان بوتھم کو بولڈ کیا تھا وہ کافی نیچی رہی اور ساتھ ہی ٹرن بھی ہوئی تھی۔ اس طرح کی گیند سے کپل حیران تھے اور انہوں نے پوچھا کہ ’’کیرتی بتاؤ گیند یا تو نیچی رہتی ہے یا اسپن ہوتی، تم نے دونوں کر دی، یہ کیسے؟‘‘
ایک تقریب میں اس گیند سے متعلق کیرتی یہ کہتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ 34 سال بعد بھی انہیں یہ نہیں معلوم کے یہ کیسے ہو گیا۔ کیرتی نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ بوتھم کے آؤٹ ہونے کے بعد لوگوں نے جشن مناتے ہوئے میدان میں آکر ان کی جیب میں 50-50 روپے کے نوٹ ڈالے، جو کہ آج بھی ان کے پاس ہیں۔ غور طلب ہے کہ دو سال کی محنت سے تیار یہ فلم 24 دسمبر 2021 کو کئی زبانوں میں ریلیز ہوگی۔