اتر پردیش کے قنوج ضلع واقع چھبرامئو نگر کی 6 سالہ بچی کیرتی دوبے کا ایک خط سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔ یہ خط طالبہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے نام لکھا ہے جس میں بڑے معصومانہ انداز میں بڑھتی مہنگائی سے پیدا مشکلات کی طرف توجہ دلائی گئی ہے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ ’’میرا نام کیرتی دوبے ہے۔ میں درجہ اوّل میں پڑھتی ہوں۔ مودی جی، آپ نے بہت مہنگائی کر دی ہے۔ یہاں تک کہ پنسل، ربر تک مہنگی کر دی ہے، اور میری میگی کے بھی دام بڑھا دیے ہیں۔ اب میری ماں پنسل مانگنے پر مارتی ہے۔ میں کیا کروں! بچے میری پنسل چوری کر لیتے ہیں۔‘‘
دراصل مرکزی حکومت کی طرف سے کاپی، کتاب، ربر اور پنسل وغیرہ پر ٹیکس لگا دی گئی ہے۔ اس سے بڑھی مہنگائی کا اثر طالبہ کو نظر آنے لگا اور پھر اس نے اپنے من کی بات خط میں لکھ دی۔ ایک رپورٹ کے مطابق بچی کے والد وشال دوبے نے اس خط کی تصدیق کی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’یہ میری بیٹی کے من کی بات ہے۔‘‘
اس تعلق سے ٹائمز آف انڈیا میں خبر شائع ہوئی ہے جس میں چھبرامئو کے ایس ڈی ایم اشوک کمار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’’مجھے اس خط کی جانکاری سوشل میڈیا کے ذریعہ ملی۔ میں اپنی سطح پر بچی کی ہر ممکن مدد کرنے کی کوشش کروں گا۔ ساتھ ہی اپنی پوری کوشش کروں گا کہ یہ خط صحیح افسران تک پہنچے۔‘‘