دبئی میں جگہ جگہ اب ایسی وینڈنگ مشینیں دکھائی دے رہی ہیں جہاں سے کوئی بھی ضرورت مند شخص بریڈ یعنی روٹی لے سکتا ہے۔ یہ مشینیں ’بریڈ فار آل‘ (سبھی کے لیے روٹی) مہم کے تحت لگائی گئی ہیں۔ یہ مہم محمد بن راشد گلوبل سنٹر فار اینڈونمنٹ کنسلٹنسی کے ذریعہ اوقاف اینڈ مائنرس افیئرس فاؤنڈیشن (اے ایم اے ایف) کے تحت شروع کی گئی ہے۔ اس کا مقصد ہے کہ کوئی بھی ضرورت مند بھوکا نہ سوئے۔ یعنی ان وینڈنگ مشینوں سے غریبوں، محروموں، ڈیلیوری رائیڈرس اور دہاڑی مزدوروں کو کافی راحت ملے گی۔

دبئی میں 17 ستمبر سے شروع ہوئی اس مہم کی لوگ خوب تعریف کر رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ جدید طرز کی مشینیں ہیں جو بیشتر کرانہ دکانوں کے صدر دروازے پر لگائی گئی ہیں۔ ان مشینوں میں بریڈ کی کوئی کمی نہ ہو، اس کے لیے دن میں دو مرتبہ ریفلنگ کی جاتی ہے۔ ان وینڈنگ مشینوں میں عربی بریڈ اور فنگر رول کا متبادل دیا گیا ہے۔ ان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کے تقریباً ایک منٹ بعد ہی آپ کے ذریعہ منتخب کردہ غذا ہاتھوں میں ہوگی۔

بتایا جاتا ہے کہ وینڈنگ مشینوں سے سامان دن کے الگ الگ اوقات میں فراہم کی جاتی ہیں۔ ان وینڈنگ مشینوں کو استعمال کرنا بہت آسان ہے۔ ضرورت مند شخص خود ہی ’کلک ٹو آرڈر‘ کا بٹن استعمال کر مفت بریڈ حاصل کر سکتا ہے اور اپنی بھوک مٹا سکتا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ مشینوں سے بریڈ بالکل تازہ اور گرم نکلتا ہے۔