گروگرام کے سیکٹر 47 اور سیکٹر 12-اے میں کھلی جگہ پر نمازِ جمعہ کو لے کر ہنگامہ کئی مہینوں سے جاری ہے۔ اب سیکٹر 37 میں بھی ہندوتوا لیڈران و کارکنان کا ہنگامہ شروع ہو گیا ہے۔ آج ہندوتوا تنظیموں سے جڑے لوگ نمازِ جمعہ کے وقت سے پہلے ہی گراؤنڈ میں پہنچ گئے اور ہنومان چالیسا کا پاٹھ کرنا شروع کر دیا۔

میڈیا میں آ رہی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ سیکٹر 37 پولس اسٹیشن کے قریب ہی کھلی جگہ ہے جہاں مسلم طبقہ کے لوگ نمازِ جمعہ ہر ہفتہ پڑھتے ہیں۔ آج صبح کچھ مقامی لوگوں نے اس جگہ پر قبضہ کر لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ان لوگوں کا تعلق محمد پور جھارسا، کھانڈسا، نرسنگھ پور اور کھٹولا گاؤں سے تھا۔ کم و بیش 100 لوگ گراؤنڈ میں جمع ہوئے اور ہوَن کرنے لگے۔ انھوں نے کہا کہ یہ پروگرام ممبئی دہشت گردانہ حملوں کی 13ویں برسی پر منعقد کیا گیا ہے۔ خبروں کے مطابق گراؤنڈ میں جمع ہونے سے پہلے ہندوتوا لیڈروں نے ڈپٹی کمشنر دفتر کو مطلع کیا تھا کہ وہ پوجا پاٹھ کرنے جا رہے ہیں۔ یہ خبر لگتے ہی کثیر تعداد میں پولس اہلکار گراؤنڈ میں تعینات ہو گئے تھے۔

مسلم طبقہ کے لوگوں نے جب گراؤنڈ میں ہندوؤں کو ہنومان چالیسا کا پاٹھ کرتے دیکھا تو وہ بغیر نماز پڑھے ہی لوٹ گئے۔ حالانکہ مسلم ایکتا منچ کے سربراہ شہزاد خان کی قیادت میں تقریباً 25 لوگوں نے پوجا کی جگہ سے کچھ میٹر کی دوری پر نمازِ جمعہ پڑھی۔