راجیش کھنہ کے 79ویں یوم پیدائش (29 دسمبر) کے پیش نظر ان کے شیدائیوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ فلم پروڈیوسر نکھل دویدی ہندی سنیما کے اس پہلے سپر اسٹار کی زندگی پر فلم بنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ فلم کی ہدایت کاری کا ذمہ فرح خان سنبھالیں گی۔ فلم گوتم چنتامنی کی کتاب’ڈارک اسٹار: دی لونلی نیس آف بینگ راجیش کھنہ‘ پر مبنی ہوگی۔ راجیش کھنہ کا کردار کون اداکار نبھائے گا یہ جاننے کے لیے لوگ ابھی سے بے چین ہیں۔ حالانکہ نکھل اور فرح میں سے کسی نے بھی اس بارے میں جانکاری میڈیا کو نہیں دی۔
نکھل نے فلم کے تعلق سے کہا کہ ’’ہاں میں نے ڈارک اسٹار کے حقوق خرید لیے ہیں۔ فرح خان سے اس فلم کو بنانے کے لیے بات چیت کر رہا ہوں۔ میں راجیش کھنہ کی زندگی کو بڑے پردے پر لانے کے لیے بہت پُرجوش ہوں۔‘‘ دوسری طرف فرح خان کا کہنا ہے ’’ہاں میں نے گوتم کی کتاب پڑھی ہے، یہ بہت پُرکشش ہے۔ یہ یقینی طور پر بہت ہی دلچسپ کہانی ہے۔ حالانکہ اس پر ابھی بات چیت جاری ہے اس لیے مزید جانکاری میں نہیں دے سکتی۔‘‘
غور طلب ہے کہ راجیش کھنہ نے اپنے ابتدائی دور میں مسلسل 17 بلاک بسٹر فلمیں دے کر ہندی سنیما کے پہلے سپر اسٹار کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ خاتون شیدائیوں میں ان کے جیسا کریز آج تک کسی اداکار کو حاصل نہیں ہوا۔ حالانکہ آخر وقت میں راجیش کھنہ کا جلوہ ماند پڑ گیا۔