حجاب معاملہ کو لے کر تنازعہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ حجاب کے خلاف بھگوا بریگیڈ لگاتار سخت الفاظ کا استعمال کر رہے ہیں۔ اس تعلق سے ایک نئی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے جس میں حجاب پہننے والیوں کی نسل کشی کی دھمکی دی جا رہی ہے۔ ویڈیو میں ایک خاتون ہندوستان کو بھگوا ملک قرار دیتے ہوئے ملک میں حجاب کو ناقابل برداشت ٹھہرا رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو صحافی محمد زبیر نے شیئر کی ہے ویڈیو کرناٹک کی بتائی جا رہی ہے جس میں ایک خاتون مقامی زبان میں مسلمانوں کے خلاف کھل کر زہر افشانی کر رہی ہے۔ وہ کہتی ہے ’’ہم ہندوستانی ایسے ہیں کہ اگر آپ پانی مانگیں گے تو ہم شربت دیں گے۔ اگر آپ کو دودھ نہیں چاہیے تو دہی دیں گے۔ لیکن اگر آپ چاہتے ہیں کہ ہندوستان میں سبھی حجاب پہنیں، آپ چاہتے ہیں کہ ہندوستان حجاب (پہننے والیوں) سے بھر جائے، تو ہم شیواجی کے ہاتھوں سے تلوار لے لیں گے اور آپ کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیں گے۔‘‘
سینکڑوں لوگوں کے مجمع سے خطاب کرتی ہوئی خاتون یہ بھی کہتی ہے کہ ’’ہمارا ملک بھگوا ہے۔ ہم لوگوں کو حجاب نہیں پہننے دیں گے۔ وہ تمام گرفتاریاں جو آپ نے کی ہیں، ان گرفتاریوں نے ہم سب کو خوش کر دیا ہے۔ لیکن یہ گرفتاریاں کافی نہیں ہیں۔ حکومت ہمیں 24 گھنٹے دے، بلکہ 24 نہیں 1 گھنٹہ ہی دے۔‘‘ خاتون کے انداز سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ یہ وقت نسل کشی کے لیے مانگ رہی ہے۔