اس وقت پوری دنیا کورونا وبا کی زد میں ہے۔ اس بیماری کے خاتمہ کے لیے ہر جگہ طرح طرح کے تجربات کیے جا رہے ہیں حالانکہ ڈاکٹروں اور سائنسدانوں کو ابھی تک خاطر خواہ کامیابی نہیں ملی ہے۔ اب ٹی وی کوئین ایکتا کپور کو اس بیماری کی کاٹ مل گئی ہے۔ جی ہاں، اب بہت جلد ان کی ’ناگن‘ کورونا وائرس کا خاتمہ کرنے پہنچ رہی ہے۔ یہ سب کلرس ٹی وی کے مشہور سپر نیچرل ڈرامہ ’ناگن‘ کے چھٹے سیزن میں دکھایا جانے والا ہے۔ گویا کہ فی الحال لوگوں کو چھوٹے پردے پر ہی کورونا وائرس کے خاتمہ سے اکتفا کرنا ہوگا۔

کلرس نے ’ناگن-6‘ کا پرومو ریلیز کر دیا ہے جس میں ناگِن کا چہرہ نہیں دکھایا گیا ہے۔ پرومو میں بتایا گیا ہے کہ ’’2020 میں ہوا ایک اٹیک جس نے پوری دنیا کو بدل دیا ہے۔ اس وبا سے ملک کو بچانے کے لیے اب کوئی اور راستہ نہیں بچا۔ سبھی کو ناگن کا انتظار ہے کہ وہ آ کر سب کو بچائے گی۔ کیونکہ زہر ہی زہر کو کاٹ سکتا ہے۔ اس بار ناگن خود کے لیے نہیں بلکہ ملک کی حفاظت کے لیے آئی ہے۔ بدلتی دنیا کے ساتھ آپ کی چہیتی ناگن بھی بدل چکی ہے۔‘‘ حالانکہ ایکتا کپور اور کلرس کا یہ کانسپٹ کئی لوگوں کو پسند نہیں آیا۔ وہ ’ناگن-6‘ کی خوب ٹرولنگ کر رہے ہیں۔ کئی لوگوں نے رائٹر کے دماغ کو بھی ایسی کہانی لکھنے پر ہاتھ جوڑتے ہوئے اسے سمجھ سے بالاتر قرار دیا ہے۔