اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں لولو مال کے اندر نماز پڑھنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہندو مہاسبھا کا ہنگامہ ابھی ختم بھی نہیں ہوا ہے اور اب لکھنؤ کے ہی چار باغ ریلوے اسٹیشن پر نماز پڑھنے کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ویڈیو چار باغ ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر تین کی ہے جہاں ایک شخص کو نماز ادا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد ہندو مہاسبھا نے نمازی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ویڈیو 14 جولائی کی شام 7 بجے کی ہے۔ یعنی مسلم شخص نے مغرب کی نماز ادا کی ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ نماز کا وقت ہونے پر کئی مسلمان سفر کے دوران کسی کنارے میں نماز پڑھ لیتے ہیں۔ بیشتر اوقات میں نماز ایسی جگہ پر پڑھی جاتی ہے جس سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ لیکن اتر پردیش میں اب عوامی مقامات پر نماز پوری طرح ممنوع ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہندو مہاسبھا نے لولو مال کے بعد اب چار باغ ریلوے اسٹیشن پر نماز پڑھنے والے شخص کے خلاف بھی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق آل انڈیا ہندو مہاسبھا کے نمائندہ وفد نے 16 جولائی کو ریلوے افسران سے ملاقات کی ہے۔ ہندو مہاسبھا نے پلیٹ فارم پر نماز پڑھنے والے کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے جی آر پی کو ایک درخواست بھی دی ہے۔