سوشل میڈیا پر اب ذرا سی بات کو لے کر لوگوں کو نشانہ بنایا جانے لگا ہے۔ کئی بار چھوٹی سی غلط فہمی، یا پھر افواہ کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین لوگوں پر حملہ آور ہو جاتے ہیں۔ تازہ معاملہ مشہور گلوکار جوبین نوٹیال کے ساتھ دیکھنے کو مل رہا ہے جن کی گرفتاری کا مطالبہ سوشل میڈیا پر شدت سے ہو رہا ہے۔ ’ہیش ٹیگ اریسٹ جوبین نوٹیال‘ 10 ستمبر کی صبح کافی دیر تک پہلے نمبر پر ٹرینڈ کرتا دکھائی دیا۔
دراصل جوبین ٹوئٹر پر اپنے اگلے کانسرٹ کی وجہ سے ٹرولنگ کا شکار ہو گئے ہیں۔ کانسرٹ کا ایک پوسٹر وائرل ہو رہا ہے جس میں آرگنائزر کا نام ’جئے سنگھ‘ دیا گیا ہے۔ کئی ٹوئٹر صارفین دعویٰ کر رہے ہیں کہ یہ شخص دراصل ہندوستان کا موسٹ وانٹیڈ کریمنل ہے۔ ان کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ ’جئے سنگھ‘ دراصل ریحان صدیقی ہے جس کی پولس کو عرصہ سے تلاش ہے۔ جئے سنگھ (یعنی ریحان صدیقی) پر یہ بھی الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ وہ دہشت گرد گروپ آئی ایس آئی سے منسلک ہے۔
مذکورہ باتوں کے پیش نظر ٹوئٹر صارفین نے ’راتا لمبیانا‘ اور ’دل غلطی کر بیٹھا ہے‘ جیسے نغمے گا چکے جوبین نوٹیال کو غدارِ وطن کا ساتھ دینے والا قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی بالی ووڈ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور مشہور گلوکار اریجیت سنگھ کا نام بھی اس پورے معاملے میں گھسیٹا جا رہا ہے۔ کچھ ٹوئٹر صارفین کا کہنا ہے کہ اریجیت نے بھی جئے سنگھ کے ساتھ پروگرام کیا ہے۔