مرکزی وزیر برائے شہری ہوابازی جیوترادتیہ سندھیا کے ہاتھوں یکم دسمبر کو ’ڈیجی یاترا‘ سہولت کی لانچنگ ہو گئی۔ اس کے ساتھ ہی اب آپ سفر میں ایک نئے ڈیجیٹل تجربہ کا احساس کر پائیں گے۔ ’ڈیجی یاترا‘ لانچ ہونے کے بعد اب ہوائی اڈے پر آپ کا ’چہرہ‘ بورڈنگ پاس کا کام کرے گا۔ یعنی ہوائی سفر کے لیے ہوائی اڈہ پہنچنے کے بعد مسافر کو کسی بورڈنگ پاس کی ضرورت نہیں ہوگی۔ سیکورٹی جانچ والے علاقوں سمیت مختلف چیک پوائنٹس پر چہرے کی شناخت والا نظام موجود ہوگا جو مسافر کے ڈاٹا کو آٹومیٹک طریقے سے اَپڈیٹ کر سکے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یکم دسمبر کو دہلی، وارانسی اور بنگلورو ایئرپورٹ پر ’ڈیجی یاترا‘ کی شروعات ہوئی ہے۔ اس سروس کا فائدہ اٹھانے کے لیے مسافروں کو ’آدھار‘ پر مبنی سرٹیفکیشن اور ایک سیلف امیج کیپچر کا استعمال کر کے ’ڈیجی یاترا ایپ‘ پر اپنی تفصیل درج کرنی ہوگی۔ اس کے اگلے مرحلہ میں بورڈنگ پاس کو اسکین کرنا ہوگا اور اپنے کریڈنشیلز کو ہوائی اڈے کے ساتھ شیئر کرنا ہوگا۔

بتایا جاتا ہے کہ ایئرپورٹ کے ای-گیٹ پر مسافر کو پہلے ’بار کوڈیڈ بورڈنگ پاس‘ کو اسکین کرنا ہوگا۔ اس کے بعد ای-گیٹ پر لگا فیشیل ریکاگنشن سسٹم مسافر کی شناخت کرے گا اور سفری دستاویز کو منظوری دے گا۔ ایک بار یہ عمل پورا ہو جانے کے بعد مسافر ای-گیٹ سے ایئرپورٹ میں داخل ہو سکتا ہے۔ حالانکہ مسافر کو سیکورٹی کلیئر کرنے اور طیارہ میں سوار ہونے کے لیے پہلے کے مطابق ہی عمل انجام دینا ہوگا۔