یہ وہ دور ہے جہاں ہر کھیل میں کھلاڑیوں نے کھیلنے کے نئے نئے طریقے ایجاد کیے ہیں۔ کچھ طریقے ایسے ہیں جس کے تعلق سے ماضی میں تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔ فٹبال کھلاڑی بھی اس معاملے میں پیچھے نہیں۔ رونالڈو اور میسی کی صلاحیت سے تو آپ واقف ہیں، لیکن ایک جاپانی کھلاڑی ایسا ہے جس کے لاجواب انداز میں کیے گئے پنالٹی شوٹ آؤٹ کو دیکھ کر حیران رہ جائیں گے۔
جاپان میں اسکولی سطح کے مقابلے میں ایک کھلاڑی نے ریفری کے ذریعہ سیٹی بجانے کے بعد پنالٹی کِک لینے میں 30 سیکنڈ کا وقفہ لیا۔ پنالٹی کے لیے جب سیٹی بجائی گئی تو جاپانی فٹبالر تھوڑی دیر رکا رہا، پھر اس نے بہت چھوٹے چھوٹے قدموں سے آگے بڑھنا شروع کیا۔ گیند کے بہت قریب پہنچنے پر گیند کو کِک ماری۔ گول کیپر نے گیند کی الٹی سمت میں چھلانگ لگائی اور گیند گول پوسٹ میں پہنچ گئی۔ فٹبال میں شاید ہی اس سے پہلے کسی کھلاڑی نے پنالٹی شوٹ کرنے میں اتنا وقت لیا ہو۔ سوشل میڈیا پر بھی یہ ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے۔
وقت کے ساتھ فٹبال میں پنالٹی کِک لینے کے طریقوں میں کئی بدلاؤ آئے ہیں۔ کھلاڑی پنالٹی شوٹ کے دوران گول کیپر کو چھکانے کے لیے طرح طرح کے پینترے استعمال کرنے لگے ہیں۔ اٹلی کے جارگنہو پنالٹی شوٹ کے دوران اچھل کر دیکھتے ہیں کہ گول کیپر کس سمت میں جا رہا ہے، اس کے بعد وہ گیند کو الٹی سمت میں مار دیتے ہیں۔