25 نومبر 2022 کو شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ نصف صدی کا سفر مکمل کر رہا ہے۔ 50 سال قبل یعنی 25 نومبر 1972 کو ہی شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کو باضابطہ طور پر منظوری ملی تھی۔ نصف صدی کی تکمیل کے اس موقع پر یک روزہ تقریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ افتتاحی تقریب جامعہ ملیہ اسلامیہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر کی صدارت میں منعقد ہوگی اور مہمانان خصوصی کی حیثیت سے جامعہ کے سابق وائس چانسلر سید شاہد مہدی اور معروف اسکالر پروفیسر صدیق الرحمن قدوائی شریک ہوں گے۔ ان کے علاوہ اس تقریب کے مہمانان اعزازی پروفیسر شیخ عقیل احمد (ڈائریکٹر، قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان)، پروفیسر ناظم حسین الجعفری (رجسٹرار، جامعہ ملیہ اسلامیہ) اور پروفیسر محمد اسدالدین (ڈین، فیکلٹی برائے انسانی علوم و السنہ) ہوں گے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اس تقریب میں معروف اسکالر پروفیسر شریف حسین قاسمی خصوصی مقرر کی حیثیت سے شریک ہوں گے۔ شعبہ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے 50 سال مکمل ہونے پر ایک مذاکرہ کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں شعبۂ اردو کے سابق اساتذہ اپنے تاثرات پیش کریں گے۔ بعد ازاں ایک مشاعرے کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اس تقریب کی مناسبت سے 24 نومبر کو صبح 11 بجے شعبۂ اردو کی تنظیم ’بزم جامعہ‘ کے زیر اہتمام ’شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ: نصف صدی کی کہانی، تصویروں کی زبانی‘ عنوان سے نمائش کا بھی افتتاح ہوگا۔ یہ اطلاع شعبۂ اردو کے صدر پروفیسر احمد محفوظ اور پروگرام کے کنوینر پروفیسر ندیم احمد نے دی ہے۔