ماں کی محبت ناپنے کا کوئی آلہ دنیا میں موجود نہیں، لیکن اپنے بچوں کے لیے ماں کی قربانیاں بہت کچھ ظاہر کر دیتی ہیں۔ دنیا میں کئی مثالیں موجود ہیں جب ماں نے بچے کے لیے جان تک قربان کر دی۔ ایسی ہی ایک مثال آئی اے ایس سونل گویل نے ویڈیو کے ذریعہ پیش کی ہے جو وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو جنگل کی مشکل بھری زندگی کا گواہ بھی ہے اور ماں کی اپنے بچے سے بے پناہ محبت کی نشانی بھی۔

ویڈیو محض 28 سیکنڈ کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہرن کا ایک بچہ ندی پار کر رہا ہے۔ وہ آگے بڑھتا رہتا ہے جب اچانک ایک مگرمچھ نظر آتا ہے۔ مگر مچھ تیزی سے ہرن کے بچے کے پاس پہنچنے کی کوشش کرتا ہے جب اس کی ماں مگرمچھ کو دیکھ لیتی ہے۔ پھر بغیر سوچے ہرن پانی میں تیزی کے ساتھ تیرتے ہوئے مگرمچھ اور اپنے بچے کے درمیان میں پہنچ جاتی ہے۔ مگرمچھ جب ہرن کو سامنے دیکھتا ہے تو بلاتاخیر شکار کر لیتا ہے۔ ویڈیو میں بچہ ندی پار کرنے کے بعد اِدھر اُدھر نہارتا نظر آ رہا ہے۔ ظاہر ہے ممتا سے بھری ماں نے اپنی زندگی قربان کر بچے کو زندگی بخش دی، اور بچہ مغموم ہے۔

اس ویڈیو نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ ماں تو ماں ہوتی ہے، اس کی محبت انمول ہے۔ سونل گویل کی اس آنکھیں نم کرنے والی ویڈیو کو اب تک 1.25 لاکھ لوگ دیکھ چکے ہیں اور 2 ہزار سے زیادہ ری-ٹوئٹ ہو چکے ہیں۔