بی جے پی رکن پارلیمنٹ روپا گانگولی نے مسلمانوں کی آبادی کو لے کر انتہائی متنازعہ بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’مسلم خواتین ایک بچہ پیٹ میں، ایک گود میں اور چار بچے پیچھے لائن میں لیے چلتی ہیں۔‘‘ وہ اتنے پر ہی خاموش نہیں ہوئیں، بلکہ یہاں تک کہہ دیا کہ ’’مسلمان بہت شادیاں کرتے ہیں۔‘‘
’نیوز 24‘ سے بات کرتے ہوئے روپا گانگولی نے مسلمانوں میں ایک سے زیادہ شادی پر سخت اعتراض کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اتنی شادیاں کیوں کرتے ہیں مسلمان؟ ایک بیوی کی بے عزتی کر دیتے ہیں دوسری تیسری شادی کر کے۔ اور چھوٹی چھوٹی عمر میں بچیوں کی شادی کرا دیتے ہیں۔ اور ہر ایک سال میں بچہ۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں ’’بیوی کی حالت کیا ہو جاتی ہے۔ ایک فیملی میں 4 بچے ہو جائیں تو کوئی بات نہیں، لیکن وہ کھلا پلا سکیں ایسی حالت ہونی چاہیے۔‘‘
روپا گانگولی کے بیان پر سخت رد عمل سامنے آنے لگے ہیں۔ ٹوئٹر پر ایک صارف نے اس ہندو خاتون کی ویڈیو شیئر کی جس نے بتایا کہ 14 سال میں 18 بچے ہوئے۔ پھر اس نے لکھا ’’میڈم کو یہ ویڈیو ضرور دیکھنا چاہیے۔ بس ایک ایجنڈا بنا دیا گیا ہے کہ مسلم زیادہ بچہ پیدا کرتے ہیں۔‘‘ سنجے شرما نامی ایک دیگر ٹوئٹر صارف نے لکھا ’’آر ایس ایس اور بی جے پی خود کو بہتر دکھانے کے چکر میں لوگوں کی بے عزتی کرتے ہیں۔ سچ کو جھوٹ بتانے میں ماہر، سائنسی فکر سے دور ہیں یہ۔‘‘