’’مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں بہت سارے مقامات زیارت کے نقطہ نظر سے اہمیت رکھتے ہیں۔ ان میں سے کئی مقامات پر حاضری لازمی ہے اور کئی مقامات تقدیس و اکرام کا درجہ رکھتے ہیں۔ زیارت سے قبل ہمیں ترجیحات پتہ ہونی چاہئیں۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ جن مقامات کی زیارت لازمی ہو وہی چھوٹ جائے۔‘‘ یہ اظہارِ خیال معہد العلوم الاسلامیہ چک چمیلی، حاجی پور میں عازمین حج ضلع ویشالی کے ایک روزہ تربیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے نائب ناظم امارت شرعیہ مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نے کیا۔
بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شریک مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ’’حج کے سفر میں شرعی احکامات و ہدایات کی پوری پابندی کریں۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ کمی و کوتاہی اور جنایات کی وجہ سے ہم حج مقبول و مبرور سے محروم رہ جائں۔ سفر میں عورتوں کا خاص خیال رکھیں اور ارکان کی ادائیگی میں ان کا تعاون کریں۔ حج سے لوٹیں تو لوگوں میں وحدانیت، توکل، برداشت اور اتحاد امت کا تحفہ بھی تقسیم کریں۔‘‘
حج تربیتی پروگرام میں مفتی عبید اللہ قاسمی (استاذ حدیث، دارالعلوم الاسلامیہ، پٹنہ) نے حج و عمرہ کے فضائل و مسائل، ارکان، فرائض و واجبات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ تربیتی پروگرام کی نظامت مولانا محمد نظر الہدی قاسمی (استاد، مدرسہ اسلامیہ، چہرا کلاں) نے کی۔ پروگرام کا آغاز قاری افروز عالم (ناظم، معہد العلوم الاسلامیہ) کی تلاوت اور اختتام بھی انہی کی دعا پر ہوا۔ تقریب میں ماسٹر عظیم الدین انصاری، پروفیسر آفتاب عالم، شاہد حسن وغیرہ کی بھی شرکت رہی۔