آگرہ میں موجود تاج محل مغل حکمراں شاہجہاں اور ان کی بیوی ممتاز کی محبت کی نشانی ہے۔ اس کو دیکھنے دور دور سے لوگ پہنچتے ہیں۔ اب ایک تاج محل مدھیہ پردیش کے برہان پور میں بھی تیار ہو گیا ہے جو ان دنوں موضوعِ بحث ہے۔ دراصل آنند چوکسے نامی شخص نے تین سالوں کی محنت سے تیار تاج محل اپنی بیوی کو بطور تحفہ پیش کیا ہے۔ لیکن یہ تاج محل مقبرہ نہیں بلکہ رہائش کے لیے تیار گھر ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق محبت کی نشانی اس تاج محل جیسے گھر میں 4 بیڈ روم، ایک باورچی خانہ، ایک لائبریری اور ایک میڈیٹیشن روم ہے۔ اس گھر کے اطراف چار میناریں بھی بنائی گئی ہیں۔ اس تاج محل کو تیار کرنے کے لیے آنند نے الگ الگ ریاستوں سے ماہر کاریگروں کو بلایا تھا۔ گھر کی فلورنگ راجستھان کے مکرانا سے تعلق رکھنے والے کاریگروں نے کی، فرنیچر ممبئی کے کاریگروں نے تیار کیا، اور اندر کی گئی نقاشی کے لیے مغربی بنگال و اندور کے کاریگروں سے مدد لی گئی۔

آنند چوکسے کا کہنا ہے کہ انھیں اس بات کا ملال تھا کہ محبت کی نشانی تاج محل ان کے شہر برہان پور میں کیوں نہیں ہے۔ اس کمی کو پورا کرنے اور بیوی سے اپنی محبت کا اظہار کرنے کے لیے ہی آنند نے تاج محل جیسا گھر بنوایا ہے۔ اس گھر کی لائٹنگ اس طرح کی گئی ہے کہ رات کی تاریکی میں بھی یہ تاج محل کی طرح چمکتا نظر آتا ہے۔