اتر پردیش میں 23 فروری کی صبح 8 بجے سے چوتھے مرحلے کی پولنگ جاری ہے۔ اس درمیان ایک ایسی خبر سامنے آئی ہے جسے سن کر سبھی حیران ہیں۔ کسی نے ای وی ایم پر فیوی کوئک ڈال دیا ہے جس سے ووٹنگ مشین کا ایک بٹن کام نہیں کر رہا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ جو بٹن کام نہیں کر رہا وہ سماجوادی پارٹی کا ہے۔ یعنی اگر کوئی سماجوادی پارٹی کے امیدوار کو ووٹ کرنا چاہے تو بٹن کام ہی نہیں کرے گا۔
معاملہ لکھیم پور کھیری ضلع کے صدر اسمبلی سیٹ کا ہے۔ علاقہ کے قاضی پور سانی پولنگ بوتھ پر لگی ای وی ایم میں کسی شرارتی نے فیوی کوئک ڈال دیا جس کی وجہ سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے ووٹنگ کا عمل رکا رہا۔ سابق رکن اسمبلی اور سماجوادی پارٹی امیدوار اُتکرش شرما کے حوالے سے ’آج تک‘ نے بتایا ہے کہ ’’کسی نے شرارت کر کے ہمارے پہلے نمبر پر موجود بٹن میں فیوی کوئک ڈال دیا۔ اس وجہ سے وہ بٹن ہی نہیں دب رہا تھا۔ ہم نے شکایت کی، اس کے بعد انتخابی کمیشن نے کارروائی کی۔‘‘
غور طلب ہے کہ آج لکھیم پور کھیری کی 8 سیٹوں پر ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ لکھیم پور کھیری میں گزشتہ بار بی جے پی نے سبھی سیٹوں پر قبضہ کیا تھا، لیکن اس بار لکھیم پور تشدد نے حالات بدل دیے ہیں۔ اس تشدد میں چار کسانوں سمیت 8 لوگوں کی موت ہوئی تھی۔ اس تعلق سے لوگوں میں بی جے پی کے تئیں زبردست ناراضگی ہے۔