بگڑے ہوئے نوجوان ہر علاقے میں ہوتے ہیں، لیکن ضلع بجنور میں انھیں راہ راست پر لانے کی ایک خصوصی مہم پولس نے شروع کی ہے۔ بجنور پولس نے بتایا ہے کہ وہ ’آپریشن نظر‘ شروع کر رہی ہے جس کے تحت ایسے بگڑے نوجوانوں پر خاص نظر رکھی جائے گی جو جرائم کی دنیا کی دہلیز سے چند قدم دور ہیں۔ پولس کی کوشش ہوگی کہ یہ نوجوان جرم کی دلدل میں نہ پھنسیں اور ان کا شمار سماج کے اچھے افراد میں کیا جائے۔
پولس سپرنٹنڈنٹ دنیش سنگھ کا کہنا ہے کہ ضلع، تھانہ اور حلقہ سطح پر بگڑے ہوئے نوجوانوں کی فہرست تیاری ہوگی۔ ضلع سطح کی ایک ابتدائی فہرست تیار کی گئی ہے جس میں 70 نوجوانوں کے نام شامل ہیں۔ ان نوجوانوں کو بلا کر خود پولس سپرنٹنڈنٹ دنیش سنگھ بات کریں گے۔ ان کے والدین کو بھی بلایا جائے گا اور ان کے سامنے بگڑے صاحبزادے کو نصیحت دی جائے گی۔
بتایا جاتا ہے کہ ایک طالب علم کے قتل معاملے پر پولس نے کچھ مقامات پر چھاپہ ماری کی تھی۔ اس سے یہ اندازہ ہوا کہ کئی نوجوان لڑکے طمنچہ لے کر گھومنے کا شوق رکھتے ہیں۔ ایسے نوجوان کہیں بھی فائرنگ کر دیتے ہیں۔ اسکول و کالج میں طلبا گروپ کے درمیان جھگڑا اور بڑھتی نشے کی عادت نے بھی انھیں بگڑیل بنا دیا ہے۔ ’آپریشن نظر‘ کے ذریعہ ایسے نوجوانوں پر خاص نظر رکھی جائے گی جن کے خلاف ابھی کوئی مقدمہ نہیں ہے اور ان کے قدم جرائم کی طرف بڑھ رہے ہیں۔