مدھیہ پردیش کے اندور میں بریانی تنازعہ سے متعلق ایک حیرت انگیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ ایک نوجوان نے پولس میں شکایت کی ہے کہ ایک ہوٹل میں اس نے ویج بریانی کا آرڈر دیا تھا، لیکن اسے چکن بریانی دے دی گئی۔ اس عمل سے اس کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ شکایت ملنے کے بعد پولس نے تحقیقات شروع بھی کر دی ہے۔

ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ 26 دسمبر کی شام کا ہے جب اندور کے شالیمار باشندہ آکاش کمار دوبے البا بیرسٹو ہوٹل کھانا کھانے پہنچے تھے۔ انھوں نے کھانے میں ویج بریانی کا آرڈر دیا تھا۔ کچھ وقت بعد ویٹر ٹیبل پر ویج بریانی کی جگہ چکن بریانی رکھ کر چلا گیا۔ جب آکاش نے بغور دیکھا تو اس میں ہڈی دکھائی دی۔ اس سے وہ ناراض ہوا اور ہوٹل منیجر سوپنل گجراتی سے شکایت کی۔ آکاش کا کہنا ہے کہ منیجر نے غلطی ماننے کی جگہ معاملہ دبانے کی کوشش کی۔ بعد ازاں پورے واقعہ کی تفصیل اس نے سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔

بتایا جاتا ہے کہ آکاش نے ہوٹل منیجر کے ذریعہ غلطی نہ ماننے پر کافی ہنگامہ کیا اور وجئے نگر تھانہ پہنچ کر بھموری واقع البا بیرسٹو ہوٹل کے منیجر کے خلاف کیس درج کرا دیا۔ آکاش کا کہنا ہے کہ سوپنل گجراتی نے اس کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا ہے۔ اس معاملے میں ڈی سی پی سمپت اپادھیائے نے بتایا کہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے اور جلد ہی مناسب کارروائی کی جائے گی۔