نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ’ڈپارٹمنٹ آف ٹیچر ٹریننگ اینڈ نان فارمل ایجوکیشن‘ کے زیر تربیت معلمین و معلمات ان دنوں ایم سی ڈی اسکولوں میں ٹیچنگ پریکٹس کر رہے ہیں۔ اپنے نصاب کے ایک لازمی جز کے طور پر انھوں نے ایم سی ڈی پرائمری اسکول، ذاکر نگر میں رنگارنگ ثقافتی پروگرام پیش کیے۔ اس موقع پر کورس کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد اسجد انصاری نے سبھی مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

تقریب میں صدر شعبہ پروفیسر ناہید ظہور نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ انھوں نے اپنے کلیدی خطاب میں پرائمری سطح پر بچوں میں ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے آموزشی ماحصل پر مبنی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ اس تقریب میں مشہور ماہر تعلیم پروفیسر ویرا گپتا بطور مہمان اعزازی شریک ہوئیں۔ انھوں نے اسکول کے چھوٹے چھوٹے بچوں کے رنگارنگ پروگرام کی خوب تعریف کی اور اسے مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ انھوں نے زیر تربیت معلمین و معلمات کو کلچرل پروگرام منعقد کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔

تقریب میں ڈاکٹر محمد اویس صدیقی نے بھی شرکت کی اور طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کی۔ تقریب کا آغاز جامعہ کی روایت کے مطابق تلاوت قرآن پاک سے ہوا اور ڈی ایل ایڈ کی طالبہ صالحہ نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر محمد اسجد انصاری بطور کورس کوآرڈینیٹر ان پروگراموں کو مفید اور جامع بنانے کی بھرپورکوشش کر رہے ہیں تاکہ جامعہ اور ایم سی ڈی اسکولوں کے طلبا خاطر خواہ تعلیمی فائدہ حاصل کر سکیں۔