94ویں آسکر ایوارڈ میں بہترین اداکار کا خطاب وِل اسمتھ نے اپنے نام کر لیا ہے۔ اس دوران اسٹیج پر وہ کچھ جذباتی ہو گئے۔ وِل اسمتھ جب آسکر ایوارڈ لے کر لوگوں سے مخاطب تھے تو ان کی آنکھوں میں آنسو تھے۔ انہوں نے اس دوران کرس راک کو طمانچہ مارنے کے لیے معافی بھی مانگی۔ دراصل آسکر تقریب کی میزبانی کر رہے کرس راک کے مذاق سے ناراض ہو کر وِل نے پوری محفل میں انہیں زوردار طمانچہ جڑ دیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد پوری تقریب میں عجیب و غریب ماحول پیدا ہو گیا۔

وِل اسمتھ کو ’کنگ رچرڈ‘ میں ان کی بہترین اداکاری کے لیے آسکر ملا ہے جو کہ وینس ولیمس اور سیرینا ولیمس کے والد رچرڈ ولیمس کی زندگی پر مبنی ہے۔ اس موقع پر وِل اسمتھ نے بھرے گلے سے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’رچرڈ اپنے کنبہ کو محفوظ رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرتا تھا۔ میری زندگی میں اس وقت میں خوشی سے بھر گیا ہوں، اوپر والا مجھ سے کیا کروانا چاہتا ہے اور میں کیوں اس دنیا میں ہوں، یہ جان کر۔‘‘

وِل اسمتھ نے اپنی تقریر میں اکیڈمی اور نامنیز سے معافی مانگتے ہوئے کہا ’’یہ خوبصورت لمحہ ہے اور میں جیتنے کی وجہ سے نہیں رو رہا۔ آرٹ زندگی کو ظاہر کرتی ہے، میں پاگل باپ کی طرح نظر آ رہا ہوں، رچرڈ ولیمس کی طرح، لیکن پیار پاگلوں والی حرکتیں کروا ہی دیتا ہے۔‘‘ آخر میں اسمتھ نے اکیڈمی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں دوبارہ مدعو کیے جانے کی امید ظاہر کی۔