نوراتر شروع ہونے کے بعد سے ملک کی کچھ ریاستوں میں تشدد کے واقعات کچھ زیادہ ہی شدت کے ساتھ پیش آئے ہیں۔ اس تعلق سے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اور رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے ہندوتوا تنظیموں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ میں ان سات ریاستوں کا تذکرہ کیا ہے جہاں رام نومی اور اس سے قبل تشدد کے واقعات سامنے آئے۔
اویسی نے جو ٹوئٹ کیا ہے اس میں لکھا ہے ’’گزشتہ کچھ دنوں میں ہندوتوا موب پولیس کی شہ پر کم از کم ان مقامات پر ہوئے تشدد میں شامل رہے ہیں: 1. کرولی (راجستھان)، 2. کھمباتا اور ہمت نگر (گجرات)، 3. مدھیہ پردیش کے کھرگاؤں، 4. کرناٹک کے دھرواڑ، گلبرگ، رائچور اور کولار، 5. بہار کے ویشالی اور مظفر پور، 6. اتر پردیش کے سیتاپور، اور 7. گوا کے اسلام پور۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا ہے کہ مذہبی پیشواؤں کی طرف سے مسلمانوں کی نسل کشی اور عصمت دری کی باتیں کہی گئی ہیں، اور کئی مقامات پر نوراتری یاتراؤں میں مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز تقریریں کی گئی ہیں۔
غور طلب ہے کہ اتوار کو رام نومی کا تہوار تھا، اور اس دوران کچھ ریاستوں میں پرتشدد واقعات رونما ہوئے۔ گجرات، جھارکھنڈ سے لے کر مغربی بنگال اور مدھیہ پردیش کے کئی علاقوں سے تصادم کی خبریں سامنے آئیں۔ کچھ علاقوں میں جلوس پر حملے بھی ہوئے جس سے ماحول کشیدہ ہو گیا۔ جن مقامات پر حالات زیادہ کشیدہ ہیں، وہاں پولس سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔