پاکستان میں مبینہ طور پر قرآن کی بے حرمتی کرنے والے ایک شخص کی موب لنچنگ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ واقعہ پاکستان واقع پنجاب کے دور دراز علاقہ میں سنیچر کو مغرب بعد پیش آیا، لیکن اتوار کے روز اس کی جانکاری سامنے آئی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سنیچر کو جنگل ڈیرا گاؤں میں مقامی لوگ مغرب کی نماز کے بعد اکٹھا ہوئے تھے۔ واقعہ انجام پانے سے قبل پولس گاؤں میں پہنچ گئی تھی لیکن بھیڑ نے ایس ایچ او کے قبضے سے ملزم کو چھڑا لیا اور پکڑ کر درخت سے باندھ دیا۔ اس کے بعد بھیڑ نے پیٹ پیٹ کر اس کا قتل کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق موقع پر موجود لوگوں نے بتایا کہ مقتول ایک عمر دراز شخص تھا۔ اس نے اپنے اوپر لگے الزامات کو بے بنیاد بتایا تھا اور ساتھ ہی اپنی بے گناہی کا ثبوت بھی پیش کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ لیکن ناراض بھیڑ نے اس کی دلیلوں کو نظر انداز کر دیا اور درخت سے باندھ کر اتنی پٹائی کی کہ وہ ہلاک ہو گیا۔

واقعہ کی خبر پھیلنے کے بعد پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بجدار نے پولس سے پورے معاملے کی رپورٹ طلب کی ہے۔ ساتھ ہی اس واقعہ کی تفصیلی جانچ کا حکم بھی صادر کر دیا گیا ہے۔ غور طلب ہے کہ پاکستان میں قرآن کی بے حرمتی پر سخت قانون کا نفاذ ہوتا آیا ہے، لیکن عوامی طور پر پیٹ پیٹ کر قتل کیا جانا افسوسناک ہے۔ اس طرح کے معاملے اب لگاتار سامنے آ رہے ہیں۔