ٹی-20 عالمی کپ کے سیمی فائنل میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کافی مایوس نظر آئی۔ کئی لوگ اس شکست کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ایسے میں کچھ لوگ پاکستان ٹیم کی حمایت میں کھل کر سامنے آئے ہیں، جن میں ایک ننھا کرکٹ شیدائی محمد ہارون بھی شامل ہے۔

محمد ہارون سوریا دراصل پاکستانی کپتان بابر اعظم کا مداح ہے اور سیمی فائنل میں شکست کے بعد ان کی حوصلہ افزائی کے لیے انگریزی زبان میں ایک خط لکھا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ اس خط کو خاتون صحافی علینا شگری نے 13 نومبر کو اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کیا تھا۔ ساتھ میں علینا نے لکھا تھا ’’مستقبل کے کپتان کی طرف سے موجودہ کپتان بابر اعظم کو خط۔ امید ہے بابر اعظم اس 8 سالہ بچہ کو سبھی دستخط فراہم کریں گے۔‘‘

دراصل خط میں محمد ہارون نے لکھا ہے ’’ان شاء اللہ میں مستقبل میں پاکستان ٹیم کا کپتان بنوں گا اور آپ کو آپ کی پوری ٹیم کو اپنی ٹیم میں بلاؤں گا۔ پھر ہم فائنل میں پہنچیں گے اور جیتیں گے۔‘‘ ساتھ میں یہ بھی لکھا کہ ’’محترم بابر، کیا آپ اپنے سبھی ٹیم اراکین کا دستخط ایک کاغذ پر میرے گھر بھیج سکتے ہیں، پلیز۔‘‘ اب بابر اعظم نے اس خط کا جواب دیا ہے اور شکریہ کے ساتھ لکھا ہے ’’مجھے یقین ہے کہ آپ اپنے اعتماد اور توجہ سے سب کچھ حاصل کرسکتے ہیں۔ آپ کو ٹیم کے آٹوگراف ملیں گے لیکن مجھے آپ کا آٹوگراف چاہیے۔‘‘