پاکستان کے خلاف عالمی کپ کے پہلے مقابلے میں شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم کے لیے سیمی فائنل کا راستہ انتہائی دشوار ہو گیا ہے۔ اب اسے اپنے باقی بچے سبھی مقابلوں میں فتح حاصل کرنے کے علاوہ دیگر مقابلوں کے نتیجوں پر بھی منحصر ہونا پڑے گا۔ 24 اکتوبر کو پاکستان کی نوجوان ٹیم نے جس طرح تجربہ کار ہندوستانی ٹیم کو 10 وکٹوں سے ہرایا، اس پر کسی کو یقین نہیں ہو رہا۔ اس شکست کے بعد آئیے جانتے ہیں کہ ہندوستانی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے کیا کچھ کرنا پڑے گا۔

ہندوستانی ٹیم کے گروپ میں پاکستان کے علاوہ نیوزی لینڈ، اسکاٹ لینڈ، نامیبیا اور افغانستان ہیں۔ ان میں  ہندوستانی ٹیم افغانستان، اسکاٹ لینڈ اور نامیبیا سے جیت حاصل کر سکتی ہے۔ حالانکہ ٹی-20 مقابلے میں چھوٹی ٹیمیں بھی کب کیا کر دیں، کوئی بھروسہ نہیں۔ خصوصاً افغانستان کی ٹیم تو کافی خطرناک ہے جس نے ماضی میں کئی الٹ پھیر کئے ہیں۔

بہر حال، ہندوستان کے لیے اصل مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا جو اب تک ٹی-20 عالمی کپ میں ہندوستان سے نہیں ہارا ہے۔ شکست کی صورت میں ہندوستان کا سیمی فائنل کا راستہ تقریباً ناممکن ہو جائے گا۔ اگر ہندوستان کو جیت ملی تو بھی دعاء کرنی ہوگی کہ پاکستان نیوزی لینڈ کو ہرا دے۔ ورنہ سیمی فائنل کا راستہ نیٹ رَن ریٹ کے سہارے طے ہوگا، جو ہندوستان کے حق میں نہیں۔ حالانکہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کو چھوٹی ٹیمیں شکست دیتی ہیں تو معاملہ مزید دلچسپ ہو جائے گا۔