پاکستان میں ایک دلچسپ معاملہ پیش آیا ہے جو خوب سرخیوں میں ہے۔ ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں ٹرین کا اسسٹنٹ ڈرائیور ٹرین روک کر دہی خریدنے چلا جاتا ہے۔ ٹرین اس کی واپسی کے بعد ہی آگے کے لیے روانہ ہوتی ہے۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے اور اسسٹنٹ ڈرائیور کے اس عمل کی لوگ پرزور تنقید کر رہے ہیں۔

پاکستانی نیوز چینل ’اے آر وائی نیوز‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق معاملہ لاہور کے کاہنہ کاچھا ریلوے اسٹیشن کے قریب کا ہے۔ اسسٹنٹ ڈرائیور افتخار حسین کو دہی خریدنی تھی جس کے لیے اس نے ٹرینی روکی اور باہر نکل گیا۔ اس واقعہ کی خبر وزیر ریل اعظم سواتی کو ملی تو انھوں نے فوری نوٹس لیا۔ ٹرین ڈرائیور رانا محمد شہزاد اور اسسٹنٹ ڈرائیور افتخار حسین کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی اعظم سواتی نے کہا کہ ’’ایسے واقعات آئندہ بھی برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ ریلوے قومی امانت ہے، ذاتی مقاصد کے لیے اس کا استعمال نہیں کیا جا سکتا۔‘‘

بہرحال، سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹرین کافی دیر سے رکی ہوئی ہے۔ اسسٹنٹ ڈرائیور جب دہی لے کر واپس آتا ہے اور ٹرین پر چڑھتا ہے تو ٹرین آگے چل پڑتی ہے۔ ٹرین کے انجن پر 5217 نمبر لکھا ہوا صاف دکھائی پڑتا ہے۔ پلیٹ فارم پر ایک شخص یہ بھی کہتا سنائی پڑتا ہے کہ ’امی نے دہی لانے کہا ہوگا‘۔