بالی ووڈ فلم ’جُگ جُگ جیو‘ کا ٹریلر 22 مئی کو ریلیز ہوا، اور ریلیز ہوتے ہی فلم تنازعہ کا شکار ہو گئی ہے۔ ٹریلر میں موجود ایک گانے پر پاکستانی گلوکار ابرار الحق نے اعتراض کیا ہے اور فلمساز کرن جوہر کے ساتھ ساتھ ان کے پروڈکشن ہاؤس ’دھرما پروڈکشن‘ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ابرار کا کہنا ہے کہ ’’کرن جوہر نے اس فلم میں جو ’نچ پنجابن‘ گانا ڈالا ہے وہ میرا ہے۔‘‘
ابرار نے یہ جانکاری اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے دی اور اپنا گانا چوری کیے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انھوں نے لکھا ’’میں نے فلم کے ٹریلر میں گانا ’نچ پنجابن‘ کی جھلک دیکھی۔ اس کے تحت میں بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے یہ گانا کسی بھی ہندی فلم کو نہیں فروخت کیا ہے۔ ایسے میں میرے پاس لیگل رائٹس ہیں جس کی بنیاد پر میں عدالت میں ایکشن لینے کے لیے تیار ہوں۔ کرن جوہر کو اس طرح سے میرا گانا کاپی نہیں کرنا چاہیے تھا۔‘‘
ابرار نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ یہ ان کا چھٹا گانا ہے جسے کاپی کیا جا رہا ہے، اور اس کی منظوری بالکل بھی نہیں ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ ’’اگر کوئی کہتا ہے کہ اس کے پاس ’نچ پنجابن‘ کا لائسنس موجود ہے تو میں اس کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے تیار ہوں۔‘‘ غور طلب ہے کہ فلم ’جُگ جُگ جیو‘ 24 جون کو ریلیز ہونے والی ہے۔ فلم میں ورون دھون، کیارا اڈوانی، انل کپور اور نیتو سنگھ اہم کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔