’باہوبلی‘ فرنچائزی کے شیدائیوں کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس کے پریکوئل ’باہوبلی-بفور دی بگننگ‘ کے لیے راستہ ہموار ہوگیا ہے اور اسے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ویب سیریز کی شکل میں ریلیز کیا جائے گا۔ خاص بات یہ ہے کہ جنوبی ہند کی مشہور اداکارہ نین تارا اس فلم میں مضبوط کردار میں نظر آ سکتی ہیں۔ یہ ان کا ڈیجیٹل ڈیبیو ہوگا۔ نین تارا کے ’باہوبلی‘ سیریز میں شامل ہونے کی خبر سے ان کے شیدائی ابھی سے پُرجوش ہیں۔
واضح رہے کہ ’باہوبلی‘ کا پریکوئل ویب سیریز کی شکل میں بنانے کی تیاری بہت پہلے ہوئی تھی، لیکن اعلان کے کچھ دنوں بعد ہی اسے روک دیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق شروع میں اسے ایس ایس راجامولی کے ذریعہ ہی بنایا جا رہا تھا، پھر بعد میں یہ سدھارتھ تیواری کے سواستک پروڈکشنس کے سپرد کر دیا گیا۔ پہلے اس فلم کی ہدایت کاری کنال دیشمکھ کرنے والے تھے لیکن اب وہ بھی اس پروجیکٹ سے الگ ہو چکے ہیں۔ اداکارہ مرنال ٹھاکر بھی اس پروجیکٹ سے قدم کھینچ چکی ہیں۔
فی الحال کہا جا رہا ہے کہ نین تارا اس پروجیکٹ سے جڑی ہیں اور شیوگامی کے کردار کے لیے وامیکا گبّی کا انتخاب کیا گیا ہے۔ حالانکہ یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ گبّی اس پروجیکٹ کا حصہ ہیں یا نہیں۔ اب فلم شائقین یہ جاننے کے لیے بے تاب ہیں کہ پروڈیوسرز ’باہوبلی-بفور دی بگننگ‘ کے لیے مزید کن فلمی ہستیوں کا انتخاب کریں گے۔