پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا میں ’بگ بیش‘ ٹورنامنٹ کھیل رہے اپنے سبھی کھلاڑیوں کو فوراً وطن لوٹنے کا حکم جاری کیا ہے۔  بتایا جا رہا ہے کہ کھلاڑیوں کو جلد اس لیے بلایا جا رہا ہے تاکہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے پہلے آرام کر سکیں۔ واضح ہو کہ پی ایس ایل کا ساتواں سیزن 27 جنوری سے شروع ہونے والا ہے۔ یعنی ٹورنامنٹ شروع ہونے میں محض 10 دن باقی رہ گئے ہیں۔

پاکستانی کھلاڑی محمد حسنین، فخر زماں، حارث رؤف اور شاداب خان اس وقت بگ بیش میں الگ الگ ٹیموں کا حصہ ہیں۔ بورڈ کے حکم کے بعد یہ چاروں کھلاڑی جلد آسٹریلیائی لیگ چھوڑ کر وطن واپسی کر سکتے ہیں۔ پی سی بی نے اس سلسلے میں آسٹریلیائی فرنچائزی کو خط بھی لکھا ہے۔

بورڈ نے واضح کیا ہے کہ کورونا کے بڑھتے معاملوں کے باوجود پی ایس ایل کو منسوخ نہیں کیا جائے گا، نہ ہی اس کے شیڈول میں کسی طرح کی کوئی تبدیلی ہوگی۔ پاکستان سپر لیگ میں کُل 34 مقابلے ہوں گے جو دو فیز میں منعقد کیے جائیں گے۔ پہلے فیز میں کھیلے جانے والے مقابلے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوں گے، جبکہ دوسرا فیز 9 فروری سے لاہور میں ہوگا۔ پاکستان سپر لیگ میں 6 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جس میں کراچی کنگس، پیشاور زلمی، اسلام آباد یونائٹیڈ، لاہور قلندر، کویٹہ گلیڈیئٹر، ملتان سلطانس شامل ہیں۔ سیزن کا پہلا مقابلہ 27 جنوری کو ملتان سلطانس اور کراچی کنگس کے درمیان کھیلا جائے گا۔