کامیڈی کنگ کے نام سے مشہور اداکار گووندا حالیہ دور میں اپنی اداکاری سے کوئی کمال نہیں دکھا پا رہے ہیں۔ اس وجہ سے انہوں نے اب گلوکاری میں اپنی قسمت آزمانی شروع کر دی ہے۔ گلوکاری کی دنیا میں نام کمانے کے لیے گووندا نے اپنے کئی گانے ریلیز بھی کر دیے ہیں۔ گووندا نے اپنا نیا گانا ’ہیلو‘ کچھ دنوں قبل ہی جاری کیا ہے۔ اس کی اطلاع انہوں نے سوشل میڈیا پر گزشتہ دنوں دی تھی۔ انہوں نے لکھا تھا ’’ہیلو، میرا تیسرا گانا ’ہیلو‘ میرے یوٹیوب چینل گووندا رائلس پر ریلیز ہو گیا ہے۔ امید کرتا ہوں آپ سبھی کو یہ گانا پسند آئے گا۔‘‘

حالانکہ گووندا کا گانا لوگوں کو بالکل بھی پسند نہیں آ رہا ہے۔ کچھ لوگوں نے  ان کو نصیحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اپنا مذاق بنانا بند کرو۔‘‘ ہیلو گانے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ایک یوزر نے تو اسے بکواس گانا قرار دے دیا ہے۔ انھوں نے لکھا ’’آپ کی بہت عزت کرتے ہیں لیکن وقت کے ساتھ لوگ بدلتے ہیں۔ لیکن آپ صرف اپنا مذاق اڑا رہے ہو۔‘‘ فینس کی ناراضگی سے ایسا لگتا ہے کہ وہ گووندا کو گلوکار کے طور پر نہیں بلکہ کسی فلم میں اچھا کردار ادا کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔

’ہیلو‘ گانے کی بات کریں تو ویڈیو میں گووندا وہائٹ سوٹ میں نِشا شرما کے ساتھ رقص کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس سے قبل ان کے دو گانے ’چشمہ چڑھا کے‘ اور ’ٹپ ٹپ برسا پانی‘ ریلیز ہوئے تھے۔