کرناٹک اسمبلی کا سرمائی اجلاس 19 دسمبر سے شروع ہو چکا ہے۔ پہلے ہی دن کرناٹک اسمبلی میں ونایک دامودر ساورکر کی تصویر لگائے جانے کے خلاف حزب مخالف لیڈر سدارمیا اور دیگر کانگریس اراکین اسمبلی نے ایوان کے باہر زوردار مظاہرہ کیا۔ کرناٹک کانگریس کے چیف اور رکن اسمبلی ڈی کے شیوکمار نے اس معاملے میں کہا کہ ’’بی جے پی چاہتی ہے کہ اسمبلی کی کارروائی نہ ہو، اس لیے اس نے ساورکر کی تصویر اسمبلی میں لگائی ہے تاکہ ہنگامہ ہو اور اہم ایشوز نہ اٹھائے جائیں۔‘‘

اس درمیان خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ کرناٹک اسمبلی میں جلد ہی حلال گوشت پر پابندی لگانے سے متعلق بل پیش کیا جا سکتا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ بل بی جے پی حکومت ایوان میں پیش کرے گی۔ ریاست میں حلال گوشت پر پابندی لگائے جانے سے متعلق بل ایوان میں پیش ہوا تو بی جے پی اور کانگریس کے درمیان زبردست تکرار دیکھنے کو مل سکتی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بی جے پی رکن قانون ساز کونسل این روی کمار نے حلال گوشت پر پابندی کے لیے پرائیویٹ بل پیش کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے گورنر تھاورچند گہلوت کو ایک خط بھی لکھا تھا۔ حالانکہ وہ اب اسے ایوان کے اندر سرکاری بل کی شکل میں پیش کرنا چاہ رہے ہیں۔ حالانکہ ایوان میں حزب مخالف لیڈر بی کے ہری پرساد کا کہنا ہے کہ ’’ہم اسمبلی اسپیکر سے حلال گوشت سے متعلق پرائیویٹ بل کو منظوری نہ دینے کی گزارش کریں گے۔‘‘