وراٹ کوہلی نے ٹی-20 عالمی کپ سے پہلے ہی اس فارمیٹ سے کپتانی چھوڑنے کا اعلان کر دیا تھا، لیکن اب یہ خبر سامنے آرہی ہے کہ انہیں ون ڈے کی کپتانی سے بھی سبکدوش ہونا پڑ سکتا ہے۔ دراصل بی سی سی آئی نہیں چاہتا کہ ٹی-20 اور ون ڈے کے الگ الگ کپتان ہوں۔ اس تعلق سے بورڈ میں منصوبہ بندی کا عمل جاری ہے۔ اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو پھر ونڈے کی کپتانی بھی روہت شرما کے ہاتھوں میں دی جا سکتی ہے۔ جنوبی افریقہ کے دورے سے قبل اس سلسلے میں بی سی سی آئی کا کوئی فیصلہ سامنے آنے کی امید ہے۔

ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روہت شرما اور نئے کوچ راہل دراوڑ 2022 کے ٹی-20 عالمی کپ اور 2023 کے وَن ڈے عالمی کپ کے لیے ٹیم بنانے پر دھیان دیں گے۔ ایسے میں دونوں فارمیٹ میں ایک ہی کپتان رہنے سے ٹیم کا لائحہ عمل تیار کرنے میں آسانی ہوگی۔ اس ضمن میں کے ایل راہل کی ذمہ داری میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہیں بھی ٹی-20 کے ساتھ ون ڈے ٹیم کا نائب کپتان بنایا جا سکتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ روہت شرما نے 2007 میں ہندوستانی ٹیم میں قدم رکھا تھا۔ 2011 کے وَن ڈے عالمی کپ میں وہ ٹیم کا حصہ نہیں تھے، لیکن 2015 اور 2019 کے عالمی کپ میں انھوں نے نمایاں کردار نبھایا تھا۔ 2023 عالمی کپ میں انہیں کپتانی ملتی ہے تو یہ ایک بڑا خواب پورا ہونے جیسا ہوگا۔