متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں عظیم الشان ہندو مندر تعمیر کرنے کا کام زور و شور سے جاری ہے۔ اب ایک دیگر مسلم ملک بحرین میں بھی ہندو مندر بنانے کی منصوبہ بندی شروع ہو گئی ہے۔ یہ مشرق وسطیٰ کا دوسرا ملک ہوگا جہاں عظیم الشان مندر کی تعمیر ہوگی۔ اس سلسلے میں بحرین کے ولی عہد اور وزیر اعظم سلمان بن حماد الخلیفہ نے سعودی عرب میں بی اے پی ایس ہندو مندر کے چیف سے ملاقات کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ابوظبی واقع ہندو مندر کے چیف برہماوِہاری سوامی اور بی اے پی ایس سوامی نارائن تنظیم کے نمائندہ وفد نے مناما واقع شاہی محل میں ولی عہد سے ملاقات کی تھی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق مندر تعمیر کے لیے بحرین حکومت نے زمین الاٹ کر دیا ہے۔ اس مندر کی تعمیر بھی بی اے پی ایس سوامی نارائن تنظیم ہی کرے گی جو عرب میں پہلے ہی ایک مندر کی تعمیر کرا رہی ہے۔ ولی عہد کی طرف سے مندر تعمیر کے لیے زمین ملنے پر برہماوِہاری سوامی نے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
برہماوِہاری سوامی نے اس موقع پر ولی عہد سے کہا کہ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی مندر کے لیے زمین عطیہ کیے جانے پر خوش ہیں اور اس تاریخی لمحہ کا استقبال کرتے ہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’ہم زمین کی شکل میں یہ تاریخی تحفہ ملنے پر بحرین کے ولی عہد اور ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے شکرگزار ہیں۔ یہ دونوں ممالک کے درمیان گرمجوشی سے بھرے رشتے کو ظاہر کرتا ہے۔‘‘